انڈین کرکٹر ویرات کوہلی سب ہم عصروں پر لے گئے بازی ۔۔۔۔۔۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور دورِ حاضر کے بہترین بلے باز ویراٹ کوہلی نے اپنی شاندار کارکردگی کے نتیجے میں اپنے ہم عصروں کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس سال آئی سی سی کے تینوں بڑے ایوارڈز انہی کے نام ہوئے ہیں۔

آئی سی سی نے سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈز کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ویراٹ کوہلی دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے بیک وقت سال کے بہترین کرکٹر، بہترین ٹیسٹ کرکٹر اور بہترین ون ڈے کرکٹر کے ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔

یاد رہے کہ سال کے بہترین کرکٹر کو ’سرگارفیلڈ سوبرز ٹرافی‘ دی جاتی ہے۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق سال کے بہترین کرکٹر اور بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے ایوارڈز کے لیےہونے والی ووٹنگ میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ربادا دوسرے نمبر پر آئے جبکہ بہترین ون ڈے کرکٹر کی ووٹنگ میں افغانستان کے اسپنر راشد خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ویراٹ کوہلی کے لیے سنہ 2018 انتہائی شاندار رہا۔ اس سال انہوں نے 13 ٹیسٹ میچوں میں 55.08 کی اوسط سے 1322 رنز بنائے جن میں پانچ سنچریاں شامل تھیں۔

گزشتہ سال ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی کارکردگی شاندار رہی اور وہ 14 ون ڈے میچوں میں 133.55کی غیرمعمولی اوسط سے 1202 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جس میں چھ سنچریاں شامل ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں انہوں نے211 رنز اسکور کیے تھے۔

ویراٹ کوہلی کی زبردست بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ گزشتہ سال ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔

ویراٹ کوہلی اسوقت آئی سی سی کی ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔

کوہلی نے گزشتہ سال بھی بہترین کرکٹر اور بہترین ون ڈے کرکٹر کا ایوارڈ جیتا تھا جبکہ سنہ 2012 میں وہ بہترین ون ڈے کرکٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

آئی سی سی نے ان ایوارڈز کے علاوہ سال کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ٹیسٹ اور ون ڈے کی علامتی ٹیموں کا بھی اعلان کیا ہے۔ ویراٹ کوہلی کو دونوں ٹیموں کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔

سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم میں پاکستان کے تیز بولر محمد عباس بھی شامل کیے گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن نے آئی سی سی اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ جیتا ہے جبکہ سری لنکا کے کمار دھرما سینا سال کے بہترین امپائر قرار پائے ہیں۔

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out /  Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out /  Change )

Connecting to %s